گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پرائیویٹ میڈیکل لیبارٹریز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات

منگل 20 مئی 2025 21:50

"پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کے روز پشاور چیمبر آف ٹریڈرز کے گروپ لیڈر ملک مہر الٰہی کی قیادت میں پرائیویٹ میڈیکل لیبارٹریز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سجاد خان، ڈاکٹر عامر سہیل، ڈاکٹر معروف شاہ، ڈاکٹر ریاض برکی، ڈاکٹر شاہ زیب سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو پرائیویٹ میڈیکل لیبارٹریز کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے لیبارٹریز کی رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔ پہلے سے رجسٹرڈ لیبارٹریز کو دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا کہا جا رہا ہے جبکہ لائسنس فیس میں بھی غیرمعمولی اضافہ کرتے ہوئے اسے 8 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے تک کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے مطالبہ کیا کہ کمیشن کے لیے کی جانے والی قانون سازی میں پرائیویٹ میڈیکل لیبارٹریز کو ریلیف فراہم کیا جائے اور رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل کے حل میں بھی گورنر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کی معروضات توجہ سے سنیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔#