ویجیلینس ٹیم کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار ، ایک ہفتے میں بہتری کی ہدایت بصورت دیگر عملے کو عہدوں سے فارغ کیاجائے گا : عبدالجبار خان

منگل 20 مئی 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)وزیر اعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان کی زیر صدارت سندھ فوڈ اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس سیکریٹری خوراک کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی، مالیاتی امور، لائسنسنگ، رجسٹریشن اور تکنیکی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے وجیلنس ٹیم کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں کارکردگی میں بہتری نہ لانے کی صورت میں اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا، انہوں نے نالوں پر قائم غیرقانونی ہوٹلوں اور کھانے پینے کے پتھاروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائسنسنگ نیٹ ورک کو مزید فعال اور سہل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد کی رجسٹریشن ممکن ہوسکے،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لائسنسنگ کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی ایپ تیار کی گئی ہے، جس کے ذریعے کاروباری حضرات آن لائن رجسٹریشن اور لائسنس کے حصول کی سہولت حاصل کر سکیں گے،عبدالجبار خان نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے تمام اہلکاروں کو ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی اور بغیر یونیفارم کے کسی بھی کارروائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

کسی بھی کارروائی سے قبل ضلعی انتظامیہ کو اعتماد میں لینا لازمی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی فورس کے قیام کے لیے وزیر اعلی سندھ کو باضابطہ درخواست دی گئی ہے اور جلد اس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا،سندھ فوڈ اتھارٹی نے غذائی تحفظ اور معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں ضلعی سطح پر تمام ملازمین کی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تربیتی پروگرام جدید فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز، معائنہ جات، قوانین کے نفاذ اور آگاہی مہمات کے حوالے سے ملازمین کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں بہتری کے لیے لازمی ہے ,ابتدائی مرحلے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپور خاص میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں دیگر اضلاع کو بھی شامل کیا جائے گا,سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی,اجلاس میں رکنِ سندھ اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری ہالار وسان، سیکریٹری خوراک، ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر پروڈکشن، ڈائریکٹر آپریشن (کراچی ڈویژن)، ڈپٹی ڈائریکٹرز لائسنس اور کراچی کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز آپریشن سمیت محکم خوراک کے مختلف شعبہ جات کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :