ڈیرہ غازی خان پولیس کی کارروائی، معصوم بچے پر بہیمانہ تشدد کر نے والا سفاک ملزم گرفتار

بدھ 21 مئی 2025 20:00

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ڈیرہ غازی خان پولیس نے معصوم بچے پر بہیمانہ تشدد کر نے والے سفاک ملزم کوگرفتار کرلیا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو معصوم بچے پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔تھانہ شاہ صدر دین پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعہ کا سراغ لگا لیا اور سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ 20 مئی کو چاه سیر والا، شاہ صدر دین میں پیش آیا، جہاں نذیر احمد ولد امام بخش قوم دستی نے محلے کے 13 سالہ لڑکے محمد زاہد ولد محمد یعقوب قوم دستی کو بچوں کے درمیان معمولی جھگڑے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے سوشل میڈیا ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچے اور ملزم کی تلاش شروع کی اور پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فوری گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔اس حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ بچوں پر تشدد جیسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔