ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت علماءکرام اور اقلیتی نمائندوں کا اجلاس، ایک دوسرے کے عقائد کے احترام پر زور دیا

جمعرات 22 مئی 2025 10:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءﷲ خان کی زیر صدارت مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام اور اقلیتی نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے معاشرے کی بہتری، موجودہ ملکی صورتحال اور نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی پر زور دیا۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، اقلیتی نمائندوں پر ایک دوسرے کے عقائد کا احترام، مسجد و ممبر کے تقدس کو قائم رکھتے ہوئے مساوات، رواداری اور برداشت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام علماءکرام کے کردار کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تمام علماءکرام، اقلیتی برادری معاشرے کی بہتری، ملک کی ترقی خصوصاً نوجوان نسل کی رہنمائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو، ایس پی کینٹ راجہ محبوب، ڈسٹرکٹ خطیب مفتی حمیدالرحمن قریشی، تمام مکاتب فکر کے علماءکرام بشمول مفتی نذیر احمد، مفتی جعفر طیار، واجد خان، سرفراز خان فاروقی، ذاکر پال، جاوید ساگر، قاری محمد رفیق، تصور حسین شاہ، سید حسن عباس، جاوید حیدری، سیف ریاض حسین، نذیر حسین، جہانزیب علی اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :