Live Updates

اسلام آباد،معاون خصوصی صنعت و پیداوار کی زیر صدارت اجلاس،آٹو پارٹس انڈسٹری کے ٹیرف مسائل پر غور کیا گیا

جمعرات 22 مئی 2025 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) آٹو پارٹس انڈسٹری کے ٹیرف مسائل پر بات چیت کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں پاکستان آٹوموٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (پی اے اے پی اے ایم)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم اور سیکرٹری کامرس جواد پال کے شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے زور دیا کہ آٹو پارٹس انڈسٹری کی شکایات باقاعدہ طور پر ٹیرف پالیسی بورڈ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے پی اے اے پی اے ایم کو ہدایت دی کہ وہ صنعت کو درکار تحفظ کی مکمل تفصیل اور تجزیہ پیش کریں تاکہ یہ شعبہ مقابلہ بازی اور پائیداری کے قابل رہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ان صنعتوں کو مراعات دی جائیں گی جو پیداوار میں اضافہ دکھائیں گی، اس اقدام کا مقصد شعبے کی ترقی اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

آٹو پارٹس کے صنعت کاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تجویز کردہ 15 فیصد کسٹم ڈیوٹی صنعت کی ترقی اور مسابقت پر منفی اثر ڈالے گی۔ہارون اختر خان نے صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ وہ حکومت پر اعتماد کریں کیونکہ ان کا مقدمہ ٹیرف پالیسی بورڈ میں مضبوطی سے لڑا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نےپی اے اے پی اے ایم کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ اجلاس میں مختصر رپورٹس پیش کریں تاکہ ان مسائل پر بات چیت اور پیش رفت جاری رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات