Live Updates

پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر کا ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ ،دو طرفہ تجارت ،سرمایہ کاری اور باہمی امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 22 مئی 2025 17:06

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، ملاقات میں دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سنئیر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر وسیم شہباز لودھی نے سیالکوٹ چیمبر آمد پر معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

سیالکوٹ کی تاجر برادری کے ساتھ ہونے والی اس اہم میٹنگ میں سنئیر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر کے علاوہ دیگر اراکین ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے دو طرفہ باہمی تجارت پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ وہ دونوں اطراف کے تاجروں کو آپس میں جوڑنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے جس کے نتیجے میں رومانیہ کے ساتھ پاکستان کےاقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے، فٹ بال بنانے میں سیالکوٹ کا کوئی ثانی نہیں ہے، سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کو رومانیہ میں بہت اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رومانیہ کی حکومت سپیشل انوسٹمنٹ کے تحت پاکستان سے مل کر مختلف شعبوں میں کام کرنا چاہتی ہے جس میں زراعت، توانائی، آئی ٹی ، کاسمیٹکس اور ٹیکسٹائل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے خلاف سکیورٹی کے نام پر منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، پاکستان ایک پر امن اور تجارت و معیشت کے اعتبار سے ایک بہتر منڈی ہے۔

رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کی آسانی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے سیالکوٹ میں بہت جلد دفتر قائم کیا جائے گا جہاں سیالکوٹ کے تاجروں کو تجارتی سرگرمیوں کے سلسلہ میں ہر قسم کی انفارمیشن اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے کہا کہ رومانیہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ٹور ازم کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ نئی جگہیں دریافت کی جا سکیں۔

انہوں نےخواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حواتین کے لیے رومانیہ میں کاسمیٹکس،ٹیکسٹائل میں بہت زیادہ ترقی کے مواقع میسر ہیں جس سے پاکستانی خواتین استفادہ حاصل کر سکتی ہیں۔ رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ سیالکوٹ کے باسمتی چاول رومانیہ میں بہت مشہور ہیں اور زراعت میں پاکستانی تاجروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔۔ انہوں نے ایس سی سی آئی کی دستاویزی فلم "سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل" میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی جو اس اجلاس کے دوران دکھائی گئی۔

سنئیر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وسیم شہباز لودھی نے کہا کہ بی 2بی تعلقات، جوائنٹ وینچرز کے امکانات کی تلاش، رومانیہ کی مارکیٹ میں سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی کھپت، دونوں ممالک کے تجارتی اداروں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ویئر ہاؤسز کی تعمیر،سنگل کنٹری تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلہ سمیت دیگر آپشنز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

سنئیر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہاکہ سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات بشمول کھیلوں کا سامان، کھیلوں کا لباس، سرجیکل، مینی کیور اور پیڈی کیور انسٹرومنٹس، ہر قسم کی قینچی ،چمڑے کے ملبوسات، گلوز، مارشل آرٹس، سپورٹس شوز، آلات موسیقی، ملبوسات، ٹیکسٹائل گارمنٹس وغیرہ کوالٹی اور پائیداری کے اعتبار سے کسی بھی غیر ملکی برانڈ کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔اجلاس کے احتتام پر سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وسیم شہباز لودھی کی جانب سے معزز مہمانوں کو سیالکوٹ چیمبر کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات