ڈسٹرکٹ کورٹ ڈیرہ غازی خان میں فائرنگ کا واقعہ،ملزم موقع پر گرفتار

جمعرات 22 مئی 2025 17:09

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطے میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب ملزم عامر ولد افضل، قوم کشانی نے عدالت میں موجود دلاور ولد سلطان، قوم کشانی پر فائرنگ کر دی۔

گولی لگنے سے دلاور زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائن پولیس، ڈی ایس پی سٹی رانا اقبال اور سب انسپکٹر سیف اللہ ارشد کی قیادت میں فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے ملزم عامر کو گرفتار کر لیا۔بعد ازاں ایس پی انویسٹی گیشن بختیار احمد خان بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیشی کارروائی کی خود نگرانی کی۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد عدالت میں زیر سماعت مقدمہ نمبر 299/23 بجرم 302 تھانہ دراہمہ کی پیشی کے سلسلے میں موجود تھے اور ان کے درمیان پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی۔پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔