لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل عمار عاقب علی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

جمعہ 23 مئی 2025 12:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) لاہور پولیس کے شہیدکانسٹیبل عمار عاقب علی کی نمازِ جنازہ جمعہ کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔ سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز)محمد فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن) محمد نویداور سینئرافسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ترجمان پولیس کےمطابق شہید کانسٹیبل عمار عاقب علی تھانہ فیکٹری ایریا انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے۔ عمار عاقب علی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔ عمار عاقب علی دوران ریڈ ملزم کی مزاحمت کے نتیجے میں بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ عمار عاقب علی جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر ِ علاج رہے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق ِ حقیقی سے جا ملے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل عمارعاقب علی کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پرعمارعاقب علی کی روح کے ایصال ِ ثواب کےلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل عمارعاقب علی کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید کانسٹیبل عمار عاقب علی کا تعلق جھلکے گاں کاہنہ نو سے ہے۔ شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹا ہیں ۔شہید کانسٹیبل عمار عاقب علی26جون2021 کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل عمار عاقب علی کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔