فیسکوکے اتھلیٹکس، کبڈی ایشین سٹائل اور ٹیبل ٹینس کے کوچزاپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے

جمعہ 23 مئی 2025 12:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) مدت ملازمت پوری کرکے باعزت ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک انمول تحفہ ہے، سرکاری ملازم اپنی زندگی کا طویل اورقیمتی حصہ اپنے محکمہ اور صارفین کی خدمت میں گزاردیتا ہے تاکہ محکمہ ترقی کر سکے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمدعامر نے فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے اتھلیٹکس، کبڈی ایشین سٹائل اور ٹیبل ٹینس کے کوچز کے اعزاز میں منعقدہ پروقارالوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب کا انعقاد فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیاتھا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے ریٹائرڈ ہونے والے سپورٹس کوچز کی فیسکو کے لئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ ان کی فیسکو سپورٹس کیلئے گرانقدرخدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کوچزکے ٹرینڈ کھلاڑیوں نے نہ صرف فیسکواورواپڈا کیلئے اعزازت حاصل کئے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی فیسکو اور اپنے ملک کا نام روشن کیا۔

ان کی شخصیت اور کام کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے شعبے میں انتہائی مہارت رکھتے تھے اوربھرپور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل ہونے کی وجہ سے فیسکو کا قیمتی اثاثہ تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن فرخ آفتاب نے فیسکوسے ریٹائر ہونے والے کوچزکو مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تیارکردہ فیسکو کے کھلاڑیوں نے اتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس اور کبڈی ایشین سٹائل میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے نہ صرف واپڈ انٹریونٹ میں فیسکو کیلئے گولڈ میڈل جیتے بلکہ قومی اور بین الاقومی سطح پر بھی اعزازت حاصل کئے جو کہ فیسکوکیلئے قابل فخرہے۔

اس موقع پر ریٹائرڈ ہونیوالے اتھلیٹکس کوچ حیدر علی شاہ، محمد سلیم،کبڈی ایشین سٹائل کے کوچ غلام محمد اور ٹیبل ٹینس کوچ یوسف ناز نذیرنے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پرفیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر اور تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ تمام عرصہ میں انہیں سب کاتعاون حاصل رہا اور تمام کامیابیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو کی سپورٹس سرگرمیوں میں کامیابیوں میں ان کی گائیڈ لائن کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی بھی بھرپور محنت شامل ہے اور مستقبل میں بھی وہ فیسکو کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر صدر فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن فرخ آفتاب،جنرل سیکرٹری رانا افضل،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عابد رشید، سپورٹس آفیسر فیسکو محمد ساجد،فیسکو افسران اوردیگر سپورٹس کوچز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر اور دیگر افسران نے فیسکو سے ریٹائرڈ ہونیوالے کوچزحیدر علی شاہ، محمد سلیم، غلام محمد اور یوسف نازکو فیسکو کی جانب سے تحائف پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :