میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 16 اگست 2025 18:38

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں ترقیاتی منصوبوں کا ..
-کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے اراکین، مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور پارٹی کے دیگر عہدیداران سمیت عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کے عوام کے لیے جدید اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہے گا، یو سی 35 کے وارڈ 1 اور 2 میں سی سی ٹف پختہ بلاکس بچھانے کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا جس پر لاگت کا تخمینہ 237ملین روپے ہے، اس منصوبے کے تحت 3 لاکھ مربع فٹ پیور بلاکس بچھائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں،انہوں نے کہا کہ 5 ہزار رننگ فٹ کرب بلاکس کی تنصیب سے سڑکوں کے معیار میں مزید بہتری آئے گی، برساتی پانی کی نکاسی کے لیے مختلف سائز کے آر سی سی پائپس ڈالے جا رہے ہیں جبکہ 110 نئے مین ہولز کی تعمیر سے سیوریج نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، میئر کراچی نے کہا کہ عوامی سہولت اور شہر کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، کورنگی کا انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوار ہو رہا ہے اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے،وہی وسائل ہیں مگر قیادت مختلف ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی بدل رہا ہے، آج کا کراچی بلاول بھٹو کا کراچی ہے اور عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،ہم بلا تفریق اور بلا تعصب خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں ہیں، ہم یہ نہیں سوچتے کہ کون سی یوسی کس کی ہے، وہاں کراچی کے شہری بستے ہیں تو بلاول بھٹو صاحب کی پارٹی ضرور کام کرے گی، ہم کورنگی والوں کی خدمت کو ایک وسیلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ہمارے اندر بھرپور جذبہ ہے عوام کی خدمت کرنے کا،میئر کراچی نے کہا کہ سابقہ ادوار میں جن لوگوں نے شہر کو تعصب اور بوری بند لاشوں کی سیاست کی بھینٹ چڑھایا، ہم ان کے برعکس کام کر رہے ہیں، اگر ہمارے کام سے کسی کو جلن ہوتی ہے تو ہوتی رہے، ہم کراچی کے ہر علاقے میں کام کرکے دکھائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں 162 ارب اور 1100 ارب روپے کے وعدے کیے گئے لیکن زمین پر کچھ نظر نہیں آیا،ہم نے صرف وعدے نہیں کیے بلکہ عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، کورنگی میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اور اسی مالی سال میں یہ کام مکمل کرکے دکھائیں گے،انہوں نے کہا کہ کورنگی پیپلزپارٹی کا ہے اور پیپلزپارٹی کا رہے گا، ہم شفافیت سے کام کریں گے، اس مالی سال میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے سوا آٹھ لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے جائیں گے جس سے کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا،میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے کام کا آغاز کر دیا ہے اور عوام کو کام ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا، ایک لاکھ 10 ہزار رننگ فٹ سیوریج پائپس کو تبدیل کیا جائے گا جبکہ 26 لاکھ 46 ہزار اسکوائر فٹ پر روڈ کارپیٹنگ کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ بلاخوف، بلا تعصب اس علاقے میں کام ہو رہا ہے، کوئی بتائے کہ ماضی میں اتنے بڑے پیمانے پر کام اس علاقے میں کبھی ہوا، اگر وزیراعظم بھی جیالہ ہوا تو ہم پورے پاکستان میں مثالی ترقیاتی کام کرکے دکھائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی وہی شہر ہے جس کے خلاف مسلسل منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، مایوسی کو بیچا جاتا ہے اور اسی مایوسی کے ذریعے کچھ مخصوص گروہ عوام کو بھینٹ چڑھاتے ہیں،انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیس سال بعد کراچی کے پانی کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے نئی حب کینال کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جس کا افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا، یہ انقلابی قدم ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو صرف وعدے کرتے رہے،انہوں نے کہاکہ کے فور منصوبے کا پانچ بار افتتاح ہو چکا ہے، پانچ مختلف وزرائے اعظم اور لیڈران یہ دعویٰ کرتے رہے لیکن عملی کام نہیں ہوا، آج آپ کا جیالہ میئر اور ڈپٹی میئر نئی حب کینال بنا چکے ہیں جس سے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے، کے فور منصوبے کے جس حصے پر ہماری حکومت کو کام کرنا ہے اس پر بھی ہم نے عملی پیشرفت کا آغاز کر دیا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ 16 ہزار روڈ جو پہلے کبھی نہیں بنی وہ بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی گزشتہ دور میں ہم نے مکمل کرائی یہ ایک مرکزی سڑک ہے اور اب پیپلزپارٹی اندرونی گلیوں میں بھی ترقیاتی کام کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں پیپلزپارٹی کے تحت اسپیشل بچوں کے لیے سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں مفت علاج، تعلیم اور تربیت دی جاتی ہے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صحت کے تعاون سے چائلڈ ہیلتھ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس میں تمام سہولیات پیپلزپارٹی کی حکومت نے فراہم کی ہیں،میئر کراچی نے مزید بتایا کہ جام صادق علی فلائی اوور کا چار لین منصوبہ تیزی سے جاری ہے اور یہ آئندہ دو ماہ میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، کورنگی کاز وے کا کام بھی آخری مراحل میں ہے اور 15 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ انڈس اسپتال کو سندھ حکومت ہر سال اربوں روپے فراہم کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر علاج میسر ہو، 12 ہزار روڈ اور 8 ہزار روڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عظیم پورہ فلائی اوور کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ یہ بلاول بھٹو زرداری کا وعدہ تھا کہ موقع ملا تو ہم کام کر کے دکھائیں گے، آج ہم کراچی کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں، شہر بہتر ہو رہا ہے، ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آنے والا وقت کراچی، سندھ اور پاکستان کے لیے روشن ہوگا، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں، عوام کو جلد بہتری نظر آئے گی،اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے پانی کا کنکشن منقطع کرنے کے اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کے سی ای او نے جس علاقے میں واٹر کنکشن کاٹ دیا ہے جس سے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی وزرا، ایم کیو ایم کے وزراء اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں جماعت اسلامی والے اس پر پریس کانفرنس کیوں نہیں کرتی اگر قبلہ درست نہ ہوا تو واٹر بورڈ کی لائنیں اسٹیل مل تک خود لے کر جائیں گے،انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب سیاست نہیں کر سکتے وہ کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں اٹھا سکتے، گورنر صاحب کو پاکستان زندہ باد کہنا چاہیے، نہ کہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کی نمائندگی کرنا، ممکن ہے وہ خود کوبھائی سمجھ بیٹھے ہوں، وزیراعظم کو اس معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے، انہوں نے خیبر پختونخواہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کے سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام بلدیہ عظمیٰ کراچی بھرپور انداز میں کر رہی ہے، ہم عوام کے درمیان رہ کر ان کی خدمت جاری رکھیں گے اور شہر کو مزید بہتر بنائیں گے۔