محسن نقوی کا بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ ناکام بنانے اور میانوالی میں خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین

جمعہ 23 مئی 2025 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ ناکام بنانے اور میانوالی میں 3 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر بہادر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔جمعہ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بنوں پولیس کے جوانوں نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر خیبرپختونخوا پولیس کےجوانوں کو شاباش دی ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جوانمردی سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔میانوالی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دلیری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 3 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔ 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔