ہراسمنٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، ہراسانی کیسز پر دو ٹوک موقف ہے، صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم

جمعہ 23 مئی 2025 14:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کا خواتین کی ہراسمنٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔ہراسانی کیسز پر دو ٹوک موقف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ملتان محکمہ صحت، سپورٹس سمیت مختلف دفاتر کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔خاتون محتسب نے ہراسمنٹ شکایات کا جائزہ لیا اور ہراسمنٹ کمیٹیوں کی کارکردگی چیک کی۔

انہوں نے ہراسمنٹ کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا، اور محکمانہ کاروائی کا حکم دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاتر میں خواتین کو ہراساں کرنا ناقابل برداشت جرم ہے۔خواتین کے خلاف ہراسانی کی شکایت پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ باتیں بہت ہو چکی ، اب صرف عمل ہو گا، خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفاتر میں ہراسمنٹ قانون کی دھجیاں اڑانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ہراسانی مخالف قانون کے بینرز کو ہر ادارے میں نمایاں آویزاں کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری و نجی ادارے میں انسداد ہراسانی کمیٹی کا قیام فوری لازم ہے، خواتین کو خاموش کرانے کا دور گزر گیا، انصاف ہر صورت ملے گا۔ملازمت کی جگہ کو محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔خاتون محتسب نے مزید کہا کہ ہراسانی برداشت کی تو مجرم کے ساتھ شریک جرم ہوں گے، شکایات پر خاموشی اب جرم کے برابر ہے،بولیں، حق مانگیں، حق ملے گا۔اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔