جنوبی پنجاب کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہر شعبے کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری

جمعہ 23 مئی 2025 14:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہر شعبے کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے کیونکہ موجودہ دور میں تیز رفتار ترقی کے لئے ہر شعبے میں آئی ٹی اور اے آئی سسٹم کا اطلاق ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (این آئی پی اے) اسلام آباد میں زیر تربیت 43 ویں مڈکیرئیر کورس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ صوبے کا پہلا ادارہ ہے جہاں سو فیصد الیکٹرانک فائلنگ سسٹم لانچ کیا گیاہے۔اس کے علاوہ شفافیت قائم رکھنے کے لئے ای پروکیورمنٹ سسٹم اپنایا گیا ہے اور سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے کیونکہ سرکاری محکموں میں گڈ گورنس، بہتر سروس ڈیلیوری اور ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کے لئے آئی ٹی کا استعمال اور ڈیجیٹائزیشن بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت میں کراپ رپورٹنگ کے لئے آئی ٹی اور اے آئی کی مدد لی جارہی ہے اور جنوبی پنجاب میں واقع جنگلات کی ڈیجیٹل میپنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں آئی ٹی پارک کے قیام کےلئے کوششیں جاری ہیں۔ فواد ہاشم ربانی نے کہاکہ شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے ’’ کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہےگا‘‘ مہم جاری ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےقابل فخر منصوبےمکمل کئے ہیں جن میں سکولمپکس گیمز اور ٹرانس جینڈر سکولوں کے قیام کے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے افسران کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےحوالے سے اقدامات سے بھی افسران کو آگاہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری علی عاطف بٹر نے جنوبی پنجاب بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹنگ سٹاف این آئی پی اے ڈاکٹر فائزہ عروج بھی موجود تھیں۔