لاہور میں تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن، 3700 سے زائد غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ

جمعہ 23 مئی 2025 15:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) لاہور میں تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 3700 سے زائد تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کےمطابق آپریشن میں 36 ٹرک سامان ضبط کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر دو مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ڈیوس روڈ، جی ٹی روڈ، ملتان روڈ اور گلبرگ تھری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

سمن آباد، اقبال ٹائون، چوبرجی اور داروغے والا میں بھی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی بینرز، پوسٹرز اور سٹریمرز بھی ہٹا دیے گئے۔میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن (ایم او آر) کاشف جلیل نے خود ان آپریشنل ٹیموں کی قیادت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر بلا امتیاز اور پوری قوت سے کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا نے بتایا کہ بڑے آپریشنز کے نتیجے میں تجاوزات زدہ علاقوں سے مکمل صفایا جاری ہے، جبکہ ڈی سی لاہور سید موسی رضا ان میگا آپریشنز کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضانے کہا کہ "شہر کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، سڑکیں کشادہ ہو رہی ہیں، اور ہم وزیراعلی کے ویژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ لاہور کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :