بھارتی ہندی و پنجابی فلموں کے اداکار مکول دیو 54 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

مکول دیو کے بھائی راہول دیو نے اداکار کی موت کی تصدیق کی،اداکارکے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو غمزدہ کر دیا ،سن آف سردار،یملہ پگلا دیوانہ جیسی مشہورفلموں میں کام کرکے انہوں نے فلمی دنیا میں منفردمقام حاصل کیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 مئی 2025 17:00

بھارتی ہندی و پنجابی فلموں کے اداکار مکول دیو 54 برس کی عمر میں انتقال ..
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مئی 2025)بھارتی ہندی، پنجابی فلموں میں اپنے جاندار کرداروں سے شہرت پانے والے معروف اداکار مکول دیو 54 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مکول دیو کے بھائی راہول دیو نے اداکار کی موت کی تصدیق کی ہے، اداکارکے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔

ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ مکول گزشتہ شب نئی دہلی میں چل بسے۔ سوگواروں میں ان کی ایک بیٹی، بھائی اور بھتیجا شامل ہیں جبکہ ان کی آخری رسومات آج شام ادا کی جائیں گی۔ مکول دیو نے فلمی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کیا اور”سن آف سردار“،”آر. راجکمار“ اور”یملہ پگلا دیوانہ“ جیسی مشہور فلموں میں شاندار اداکاری کی ان کی فنی صلاحیت اور کرداروں میں گہرائی نے انہیں ہر عمر کے ناظرین میں مقبول بنایا۔

(جاری ہے)

مکول دیو ہندی، پنجابی اور جنوبی بھارتی فلموں کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن میں اپنے کرداروں میں جان ڈالنے کیلئے شہرت رکھتے تھے۔مکول دیو نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ وہ اداکار راہول دیو کے بھائی بھی تھے ان کے انتقال کو بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ فلمی اور ٹیلی ویژن حلقوں سے وابستہ شخصیات، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مکول دیو کے انتقال پر اظہار افسوس کیا جارہا ہے مختلف فلمی شخصیات نے ان کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا ہے اور اپنے غم کااظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ساتھی فنکار اداکاروندو دارا سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مکول سے متعلق لکھا”آپ کے ساتھ گزارا ہوا وقت ہمیشہ ناقابلِ فراموش رہے گا۔ سن آف سردار 2 آپ کے ساتھ آخری پروجیکٹ رہے گا جس میں یقیناً آپ کا کردار ناظرین کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرے گا اور انہیں خوب ہنسائے گا“۔ میڈیا کو بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے والدین کی موت کے بعد مکول نے بامشکل اپنے آپ کو سنبھالا تھا۔ گزشتہ دنوں ان کی طبیعت کچھ ناساز رہی جس کی وجہ سے وہ ہسپتال میں بھی داخل رہے میں ان کے بھائیوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ مکول ہمیشہ یادوں میں رہے گا۔