نوشہرہ ،قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں آکسیجن سلنڈر بھرنے کے دوران آگ بھڑک اٹھی ، تین ملازمین زخمی

ہفتہ 24 مئی 2025 21:25

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں دوران آکسیجن سلنڈر بھرنے کے دوران نامعلوم وجوہات پر پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے قاضی میڈیکل کمپلیکس کے تین ملازمین زخمی ہوئے جس کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال ڈائریکٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران حکیم خان نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی واقعات قاضی میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب میڈیکل گیس سلینڈرز آکسیجن گیس سے بھرے جارہے تھے اس دوران میڈیکل گیس شعبہ آکسیجن کے ملازم مہر اور دیگر دو ہسپتال ملازمین عابد اور یوسف یہ ذمہ داری نبھا رہے تھے کہ آگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک بھڑک اٹھی جس سے تینوں متذکرہ بالا ملازمین معمولی زخمی ہوگئے جس کو فوری طور پر قاضی میڈیکل کمپلیکس میں ہی بنیادی طبی امداد فراہم کردی گئی تینوں ملازمین کی حالت بہتر ہے اور ان کو ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے واضح رہے کہ اس حادثے میں صرف آکسیجن بھرنے والی پائپ کو جزوی نقصان پہنچا ہے اس حوالے سے قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ کے میڈیکل گیس سیکشن میں آکسیجن سیلنڈر بھرنے کے دوران لیکج ہوئی جس سے معمولی نوعیت کا دھماکہ ہوا جسکی وجہ سے ہسپتال کا عملہ جوکہ آکسیجن بھرنے میں مصروف تھے جو اس دھماکے سے اڑنے والی چنگاریوں سے معمولی زخمی ہوئے جوکہ طبی امداد فراہمی کے بعد مکمل صحتیاب ہیں ۔

(جاری ہے)

ہسپتال ڈائریکٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران حکیم خان کی ہدایات پر ایمرجنسی بنیادوں پر ضروری اقدامات کیے گئے اور تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس میں ڈاکٹر سلیمان ،ڈاکٹر توقیر اور قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے پبلک ریلیشن آفیسر میاں کستیر کاکاخیل شامل ہیں جس نے رپورٹ مرتب کردی۔ یہاں یہ بات ضروری ہے کہ ہسپتال میں معمول کے کام جاری ہیں اور مزکورہ میڈیکل گیس سیکشن بھی بلکل معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔