رائے ونڈلیسکو ڈویژن کی بجلی چوروں کے خلاف بڑی کارروائی ،فرنس فیکٹری میں بجلی چوری پکڑ ی گئی

ملزمان کی جانب سے لیسکو ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی،رینجرز نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا، کارروائی کا آغاز

اتوار 25 مئی 2025 12:55

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)رائے ونڈلیسکو ڈویژن نے بجلی چوروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فرنس فیکٹری میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی ،ملزمان کی جانب سے لیسکو ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی،رینجرز نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لیسکو حکام کو اطلاع ملی کہ کہ جیا بگا سب ڈویژن کی حدود میں فرنس فیکٹری میں وسیع پیمانے پر بجلی چوری ہو رہی ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر رمضان بٹ کی ہدایت پر ایکسین لیسکو رائے ونڈ ڈویژن محمد علی رضا کی قیادت میں ڈسکو سپورٹ یونٹ نے چھاپہ مارا تو فیکٹری میں کام جاری تھا ، ڈسکو سپورٹ یونٹ کو دیکھتے ہی فیکٹری مالکان نے لیسکو ٹیم پر فائرنگ شروع کردی ،رینجرز ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا،ڈسکو سپورٹ یونٹ کی کارروائی میں موقعہ سے 12 بجلی چور پولیس کی حوالے کر دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

بجلی چوروں میں اسلم بھٹی،محمد شہباز،عقیل شاہ اور ڈاکٹر سہیل ودیگر شامل ہیں۔لیسکو حکام کے مطابق ملزمان لیسکو کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچارہے تھے ،بجلی چوری میں استعمال ہونے والے آلات پولیس کے حوالے کر دئیے گئے ۔۔لیسکو ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والے ٹرانسفارمر ز،تاریں بھی قبضے میں لے لیں، ۔بڑی کارروائی پر لیسکو چیف نے رائے ونڈ لیسکو ڈویژن کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔