ضلع اورکزئی کے دریائے مستورہ میں 15 ہزار سے زائد مچھلیاں چھوڑ دی گئیں،محکمہ لائیو سٹاک

اتوار 25 مئی 2025 15:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو نے مچھلیوں کی افزائش نسل میں توازن پیدا کرنے کیلئے ضلع اورکزئی کے دریائے مستورہ میں 15 ہزار مچھلیاں چھوڑ دیں۔ اتوار کو محکمہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹیوکے زیر اہتمام ڈائریکٹر فشریز ضم اضلاع الیاس خٹک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد رحمان بیٹنی کی نگرانی میں ضلع اورکزئی کے دریائے مستورہ کے سپاہ علاقے میں 15 ہزار سے زائد مچھلیاں قدرتی ماحول میں چھوڑ دی گئیں۔

(جاری ہے)

یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے مقامی آبادی کو ماہی پروری کے ذریعے خودکفیل بنانے، آبی حیات کو تحفظ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا۔ اس اقدام سے نہ صرف دریائی ماحول میں حیاتیاتی تنوع کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ مچھلیوں کی افزائشِ نسل کو بھی یقینی بنا کر ماحولیاتی توازن کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ حکومت خیبر پختونخوا کی پائیدار ترقی اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کی پالیسیوں کا عملی مظہر ہے جس سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔