تعلیم حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے ،بیلہ سمیت پورے ضلع میں تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے،رکن صوبائی اسمبلی میر زرین خان مگسی

اتوار 25 مئی 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ میر زرین خان مگسی کے دورہ بیلہ کے موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ڈی او) بیلہ سید حسن شاہ قریشی نےملاقات کی۔ ملاقات میں بیلہ میں جاری تعلیمی صورتحال، مسائل اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی، ڈی ڈی او سید حسن شاہ قریشی نے رکن اسمبلی نوابزادہ میر زرین خان مگسی کو بیلہ میں موجود تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، انفراسٹرکچر کے مسائل، نان فنکشنل اسکولز کی بحالی، اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور بیلہ سمیت پورے ضلع میں تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بیلہ میں تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری، اساتذہ کی تعیناتی، اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمانہ سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں تعلیم سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں جنہیں آئندہ بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گئیں۔ نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ تعلیم کی روشنی سے ہی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے اور لسبیلہ کے بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔