عازمین حج کو بیماریوں سے بچاو کیلئے خوراک و ادویہ کی جانچ میں تیزی

جائزہ مہم سے عازمین حج کے لیے خوراک و ادویات کی سہولیات میں بہتری آئی ہے،رپورٹ

پیر 26 مئی 2025 12:11

عازمین حج کو بیماریوں سے بچاو کیلئے خوراک و ادویہ کی جانچ میں تیزی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)سعودی عرب میں حج 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں خوراک و ادویہ کی معائنہ مہم جاری ہے۔ یہ معائنہ مہم 'سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی' سرانجام دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں خوراک، ادویات و طبی آلات کے 1329 سے زائد گوداموں کا معائنہ کیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس جائزہ مہم سے عازمین حج کے لیے خوراک و ادویات کی سہولیات میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

گوداموں کے معائنے کے دوران ایسے کیسز بھی سامنے آئے ہیں کہ گودام مالکان نے تکنیکی تقاضوں کو پورا نہیں کیا اور طے شدہ قانون کی خلاف ورزی کی۔معائنہ مہم کے نتیجے میں 44 گودام بند کیے گئے ہیں جبکہ 349 گوداموں کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق قواعد و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔ تاکہ عازمین حج کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس سلسلے میں قواعد و ضوابط سے متعلق بروشر کی اشاعت کرائی گئی ہے۔سعودی فوڈ ایڈ ڈرگ اتھارٹی ہر سال حج کے موقع پر خوراک، ادویات و طبی آلات کی حفاظت کا خصوصی اہتمام کرتی ہے۔ تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔