Live Updates

سعودی عرب کے زیر صدارت میڈرڈ اعلامیہ، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اورامداد کی فراہمی کا مطالبہ

فلسطینی مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد کے لیے ایک اعلی سطحی بین الاقوامی کانفرنس کی جاری تیاریوں پر غور

پیر 26 مئی 2025 15:38

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)غزہ کے حوالے سے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی طرف سے مقرر کردہ وزارتی کمیٹی کے ارکان نے غزہ کی پٹی پر عائدمحاصرے کے خاتمے اور تمام گزرگاہوں کو فوری اور بغیر کسی شرط کے کھولنی" کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ مطالبہ اسپین کے دار الحکومت میڈرڈ میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی صدارت میں وزارتی کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔ اجلاس میں قطر، فلسطین، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ، عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، اور ترکی کے نائب وزیر خارجہ نے شرکت کی۔شرکا نے زور دیا کہ غزہ کے شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انسانی، امدادی اور طبی مدد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی تازہ ترین صورت حال اور جنگ روکنے اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ اس بین الاقوامی اعلی سطحی کانفرنس کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی جو آئندہ جون میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد کی جائے گی۔

اس کا مقصد فلسطینی مسئلے کا پر امن حل اور دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد ہے۔وزارتی کمیٹی کے ارکان نے اس بین الاقوامی اعلی سطحی کانفرنس کی کامیابی کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے میدان میں واضح عہد و اقدامات اور ٹھوس تعاون ضروری ہے۔ارکان نے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کو نا گزیر قرار دیا، جو متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کی بنیاد پر ہو ... اور فلسطینی عوام کو 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق اپنی خود مختار ریاست قائم کرنے کا حق دے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

اس ضمن میں انھوں نے میڈرڈ گروپ اور یورپی ممالک کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔کمیٹی کے ارکان نے قطر، مصر اور امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے لیے جاری ثالثی کوششوں کی کامیابی کی امید ظاہر کی اور محاصرے کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔ارکان نے اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے غزہ کے شہریوں کے خلاف بار بار کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے تمام تر اقدامات کا مقابلہ ضروری ہے۔

کمیٹی نے عرب سربراہی اجلاس قاہرہ میں منظور کی گئی تعمیر نو کی منصوبہ بندی کے مطابق غزہ کی پٹی کی فوری بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ مزید یہ کہ مصر کی جانب سے اقوام متحدہ اور فلسطینی حکومت کے ساتھ مل کر ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے منصوبے کی حمایت کی جو غزہ کی تعمیر نو کے بارے میں ہے۔ارکان نے فلسطینی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اصلاحات کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے مفادات، امیدوں، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی ہر کوشش کی حمایت جاری رکھیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات