Live Updates

روسی صدر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر پر یوکرین کا ڈرون حملہ

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ولادیمیر پیوٹن کورسک کے دورے پر تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 14:59

روسی صدر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر پر یوکرین کا ڈرون حملہ
ماسکو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر پر یوکرین کے ڈرون حملے کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف کے مطابق ایئر ڈیفنس کمانڈر میجر جنرل یوری داشکن نے روس کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کو ایک فضائی دفاعی جنگ میں حصہ لینا پڑا جو یوکرین کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے کے بعد پیش آیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ولادیمیر پیوٹن کورسک کے دورے پر تھے، یہ وہ علاقہ ہے جس پر ماضی میں یوکرین نے قبضہ کر رکھا تھا۔

میجر جنرل یوری داشکن نے بتایا کہ صدر پیوٹن کورسک کے علاقے میں موجود تھے کہ اس دوران دشمن نے بغیر پائلٹ طیاروں کے ساتھ ایک غیر معمولی حملہ کیا، ہم نے ایک ہی وقت میں فضائی دفاع کی جنگ لڑی اور صدارتی ہیلی کاپٹر کی پرواز کو محفوظ بنانے کو یقینی بنایا، روسی افواج نے اس کارروائی کے دوران یوکرین کے متعدد ڈرونز تباہ کیے، مشن کو مکمل کرتے ہوئے دشمن کے ڈرون حملے کو پسپا کر دیا گیا اور تمام فضائی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران پیوٹن نے رضاکاروں، مقامی رہنماؤں اور قائم مقام گورنر الیگزینڈر خِنشٹین سے ملاقات کی، اس کے علاوہ انہوں نے کورسک II نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا جو 26 اپریل کے بعد ان کا اس علاقے کا پہلا دورہ تھا، کریملن نے پیوٹن کے اس دورے کو اس وقت تک خفیہ رکھا جب تک وہ علاقہ چھوڑ کر چلے نہیں گئے، حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرینی انٹیلی جنس نے پیوٹن کے خفیہ دورے کی معلومات کسی نہ کسی طریقے سے حاصل کرلی تھیں، ڈرون حملے کا یہ واقعہ روس اور یوکرین جنگ میں ایک نئے موڑ کی علامت ثابت ہوگا جس میں اب اعلیٰ ترین قیادت کو بھی براہ راست نشانہ بنائے جانے کی کوششیں سامنے آرہی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات