سندھ ہائیکورٹ کا شناختی کارڈ بلاک کئے جانے کیخلاف درخواست پرنادرا حکام پر اظہار برہمی ، شناختی کارڈ کے اجرا میں شامل نادرا افسران کی فہرست طلب

پیر 26 مئی 2025 16:51

سندھ ہائیکورٹ کا شناختی کارڈ بلاک کئے جانے کیخلاف درخواست پرنادرا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے شناختی کارڈ بلاک کئے جانے کیخلاف درخواست پرنادرا حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے شناختی کارڈ کے اجرا میں شامل نادرا افسران کی فہرست طلب کرلی ہے،پیرکوسندھ ہائیکورات میں عوامی کالونی کے رہائشی نور محمد کے شناختی کارڈ بلاک کئے جانے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے نادرا حکام پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے شناختی کارڈ کے اجرا میں شامل نادرا افسران کی فہرست طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فہرست میں صرف ڈیٹا انٹری آپریٹر کے نام نہیں ہونے چاہیئے۔ ہمیں افسران کے نام بھی چاہیئے جو ڈیوٹی پر موجود تھے۔ نادرا افسران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ نادرا کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار کی اہلیہ اور بچوں کو شناختی کارڈ جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے ٹوبہ ٹیگ سنگھ کی فیملی کے کوائف استعمال کرکے شناختی کارڈ بنوایا۔ اس فیملی کی شکایت پر درخواست گزار کے شناختی کارڈ بلاک کئے گئے۔درخواستگزار 1979 سے پہلے کے کوئی دستاویزات پیش نہیں کرسکے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ درخواستگزار پاکستانی ہی نہیں ہیں اگر یہ پاکستانی نہیں ہیں تو ان کی اہلیہ اور بچوں کے شناختی کارڈ کی کی تجدید کیوں کی نادرا کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار نے بچوں کی تعلیم میں خلل کے باعث تجدید کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ بظاہر نادرا حکام اپنی نااہلی چھپانے کے لئے درخواستگزار پر الزام لگا رہے ہیں۔نااہلی پر تو نادرا افسران کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ عدالت نے نادرا حکام کو افسران کی فہرست پیش کرنے کے لئے 29 مئی تک مہلت دیدی۔