امریکہ اور بھارت کا تجارتی تنازعہ شدت اختیار کرگیا، ٹرمپ نے مذاکرات منسوخ کردیئے

امریکی مذاکرات کاروں کا دورہ 25 اگست سے 29 اگست کے درمیان متوقع تھا جو اب دوبارہ شیڈول کیے جانے کا امکان ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اگست 2025 11:07

امریکہ اور بھارت کا تجارتی تنازعہ شدت اختیار کرگیا، ٹرمپ نے مذاکرات ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء ) امریکہ اور بھارت کا تجارتی تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے اور صدر ٹرمپ نے مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکہ نے بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کر دیئے ہیں اور تجارتی مذاکرات کاروں کا اس ماہ کے آخر میں نئی دہلی کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا، یہ دورہ 25 اگست سے 29 اگست کے درمیان متوقع تھا لیکن اب اسے دوبارہ شیڈول کیے جانے کا امکان ہے، دونوں ممالک رابطے میں ہیں لیکن بات چیت کے نئے شیڈول پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی برآمدات پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کی ہے اور اس کے ساتھ مزید 25 فیصد ڈیوٹی روس سے تیل خریدنے پر بطور سزا نافذ کرنے کا اعلان کیا جو 27 اگست سے فعال ہونے کی توقع ہے، بھارت پر عائد ٹرمپ کا مجموعی 50 فیصد ٹیرف شرح امریکہ کے کسی بھی تجارتی شراکت دار پر سب سے زیادہ میں سے ایک ہے اور اس پر نئی دہلی کی جانب سے سخت ردعمل آیا۔

(جاری ہے)

بھارت کا کہنا تھا کہ اسے ناانصافی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ بات قابلِ غور ہے کہ وہی ممالک جو بھارت پر تنقید کر رہے ہیں خود روس کے ساتھ تجارت میں مصروف ہیں، ہمارے معاملے کے برعکس ان کی یہ تجارت کوئی قومی مجبوری بھی نہیں ہے۔