فرانس میں پاکستانی ایمبیسی کے سابق اکائونٹس افسر کا پاسپورٹ ضبطگی کیس،حکم کی عدم تعمیل پر عدالت برہم

عدالت نے ڈی جی یورپ وزارت خارجہ کا بیان حلفی طلب کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

پیر 26 مئی 2025 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے فرانس میں موجود پاکستانی ایمبیسی کے سابق اکائونٹس افسر کے پاسپورٹ کی ضبطگی سے متعلق کیس میں عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا ہے،عدالت نے ڈی جی یورپ وزارت خارجہ شہباز حسین کا بیان حلفی طلب کرلیا، اس کے علاوہ عدالت نے تفصیلی رپورٹ بھی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سماعت کی، درخواست گزار نوید کیوکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے دلائل دئیے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ فرانس میں موجود پاکستانی ایمبیسی میں آڈٹ اور اکائونٹ افسر تھا، درخواست گزار کو اتھارٹی کے غیر قانونی احکامات تسلیم نہ کرنے پرنوکری سے برطرف کردیا، عدالتی حکم پر وفاقی وزارت دفاع کو ذاتی پاسپورٹ واپس کیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے مزید کہا کہ موقف عدالت نے وفاقی وزارت دفاع کو درخواست گزار کاپاسپورٹ واپس کرنے کاحکم دیا، عدالتی احکامات کے برعکس اب پاسپورٹ واپس نہ کرکے توہین عدالت کی جارہی ہے، عدالت وفاقی سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے۔عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری دفاع کے بیان حلفی بھی طلب کئے جائیں، کسی کو عدالتوں کو مذاق بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔عدالت نے پاسپورٹ واپس نہ کرنے پر سیکرٹری خارجہ کوعدالت بلانے کا عندیہ دے رکھاہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شکیل ہاشا عدالت پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نوید نامی اکائونٹ افسر نے پاسپورٹ وزارت خارجہ کے سپرد نہیں کیا۔