تنگی پولیس نے بین الاضلاعی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا

پیر 26 مئی 2025 23:02

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)تنگی میں گھریلو ڈکیتی کی واردات میں ملوث بین الاضلاعی گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے پولیس نے دو اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11لاکھ روپیمال مسروقہ رقم اور دو عدد پستول برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔16اپریل 2025 کو مدعی ارشاد اللہ نے تھانہ تنگی میں رپورٹ درج کرائی کہ نامعلوم افراد نے ان کے گھر میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر نقد رقم اور قیمتی سامان چھین کر فرار اختیار کیا۔

واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ تنگی کیڈٹ صادق شاہ خان، سی آئی او ناصر خان اور دیگر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی ٹیم نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے مختلف مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا اور بالآخر اصل گروہ تک رسائی حاصل کرلی۔

کارروائی کے دوران میر جنت شاہ ولد حکمت شاہ سکنہ مٹہ شبقدر اور وزیر شاہ ولد رحیم شاہ سکنہ لنڈے شاہ مندنی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر 11لاکھ روپے کی نقد رقم اور دو پستول برآمد کیے گئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث اور دیگر اضلاع کو بھی مطلوب ہیں۔ پولیس کی پیش رفت سے اہم انکشافات متوقع ہیں، جن کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔