قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا ہر چیز پر مقدم ہے،توفیق الدین صدیقی

قربانی ایثار، محبت اور خلوص کا وہ پیغام ہے جو دلوں کو جوڑتا اور ہمدردی کو فروغ دیتا ہے، ضلع سائٹ غربی کے اجتماع کارکنان سے خطاب

پیر 26 مئی 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی نے کہا ہے کہ قربانی ہمیں ایثار، اخلاص اور تقویٰ کا درس دیتی ہے۔قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا ہر چیز سے مقدم ہے، چاہے وہ ہماری سب سے پیاری شے ہی کیوں نہ ہو۔قربانی ایثار، محبت اور خلوص کا وہ پیغام ہے جو دلوں کو جوڑتا اور معاشرے میں ہمدردی کو فروغ دیتا ہے۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی مثال ہمارے سامنے ہے، جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے جذبات، محبت اور خواہشات کو قربان کر کے کامل ایمان اور اطاعت کا مظاہرہ کیا۔ یہی وہ قربانی ہے جسے ہم عیدالاضحی کے موقع پر یاد کرتے ہیں اور اس کی پیروی کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجتماع کارکنان سے امیر ضلع ڈاکٹر نورالحق،نائب امیر ضلع وناظم مہم چرم قربانی سید سلطان ِروم ، سیکرٹری ضلع راشد خان نے بھی خطاب کیاجبکہ مفتی شاہ زیب گل واحد نے درس قرآن پیش کیا۔

(جاری ہے)

توفیق الدین صدیقی نے مزید کہا کہقربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نہیں، بلکہ یہ ایک اعلیٰ انسانی جذبے کا نام ہے ،یہ اپنے نفس، خواہشات اور محبتوں کو اللہ کی رضا کے لیے پیش کرنے کا نام ہے، اپنی پسند، آرام، وقت اورمال کو اللہ کی رضا کے لیے چھوڑ دینے کا نام ہے ۔یہ وہ عظیم جذبہ ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے صبر کی یاد دلاتا ہے۔

اگر ہم اپنی روزمرہ زندگی میں یہ جذبہ اپنائیں تو معاشرہ محبت، ہمدردی اور بھائی چارے کا گہوارہ بن سکتا ہے۔کارکنان اسی جذبے کے تحت عید الاضحی سے قبل گھر گھر رابطہ کریں تاکہ لوگ بڑے پیمانے پر چرم قربانی الخدمت کے پاس جمع کرائیں ، الخدمت خدمت کا استعارہ بن چکا ہے ، کراچی سے لے کر غزہ تک الخدمت کی خدمات کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم قربانی کو صرف رسم نہ سمجھیں، بلکہ اس کے اصل مقصد کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔

آج اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری قربانی اللہ کے ہاں قبول ہو، تو ہمیں اپنے دلوں کو بھی نفرت، خودغرضی اور غرور سے پاک کرنا ہوگا کیونکہ اصل قربانی وہی ہے جو روح کو پاکیزہ بنا دے۔ڈاکٹر نورالحق نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ مہم چرم قربانی اور الخدمت اجتماعی قربانی کے حوالے سے رابطوں کو تیز کریں ، ہر حلقہ اور علاقہ عید الاضحی تک روزانہ کی بنیاد پر رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے اور اپنے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کرے ۔ اجتماع کارکنان میں ناظم مہم چرم قربانی سید سلطان روم نے چرم قربانی کی تیاریوں کی رپورٹ پیش کی اور تمام علاقہ جات اور حلقہ جات کو ان کے لیے مقرر کردہ اہداف سے آگاہ کیا ۔