سعودی عرب اور کویت کا تقسیم شدہ علاقے میں تیل کی نئی دریافت کا اعلان

منگل 27 مئی 2025 09:00

ریاض ، کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) سعودی عرب اور کویت کی حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ الوفرۃ مشترکہ آپریشنز نے "شمالی الوفرۃ کے ذخیرہ ’’ وارۃ‘‘ کے کنویں ’’ وارۃ برقان 1 ‘‘ میں ایک نئے تیل کی دریافت کی ہے۔ یہ دریافت الوفرۃ فیلڈ کے شمال میں 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں کنویں ’’ وارۃ برقان 1 ‘‘ سے یومیہ 500 بیرل کے حساب سے پیداوار حاصل ہوسکتی ہے۔

یہ تیل 26-27 API کی مخصوص کثافت کے ساتھ بہہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دریافت 2020 کے وسط میں تقسیم شدہ علاقے اور تقسیم شدہ علاقے سے متصل سمندری علاقے میں پیداواری کارروائیوں کی بحالی کے بعد پہلی دریافت ہے۔ سعودی پریس ایجنسی "واس" کے مطابق نئی دریافت کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ اس لیے کہ اس کے مثبت اثرات دونوں ممالک کی حیثیت اور دنیا کو توانائی کی فراہمی میں ان کی قابل اعتماد حیثیت پر مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

دسمبر 2022 میں آرامکو گلف آپریشنز اور کویت گلف آئل کمپنی نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ الدرۃ گیس فیلڈ کی ترقی کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے۔ اس یادداشت پر دستخط کا مطلب مارچ 2022 میں دستخط شدہ الدرۃ سمندری فیلڈ کی ترقی کے محضر کو نافذ کرنا تھا تاکہ الدرۃ فیلڈ کی ترقی کے منصوبے پر فوری طور پر کام دوبارہ شروع کیا جا سکے ۔ قابل ذکر ہے کہ الدرۃ گیس فیلڈ دونوں شراکت داروں کے درمیان مساوی طور پر ایک بلین کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گی۔ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کو فائدہ پہنچائے گا۔