54سرکاری کوارٹرز واگزار،شکنجہ مزید کسا جائے،شیخ انور

پندرہ سال سے غیر متعلقہ قابض تھے،مستحق ملازمین کو الاٹ کیے جائیں ،مرکزی صدر پریم یونین

منگل 27 مئی 2025 15:30

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)ریلوے پریم یونین (سی بی ای)کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں ریلوے کالونی میں قابض غیر متعلقہ افراد سے 54سرکاری کوارٹرز واگزار کروا لیے گئے ہیں۔ یہ کاروائی ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ اور ڈی ایس ملتان شیخ ذوالفقار کی معاونت سے عمل میں لائی گئی۔پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور اور ملتان ڈویژن کے صدر رانا محمد شریف کی قیادت میں عرصہ دراز سے سرکاری املاک کی بازیابی کے لیے مہم جاری تھی۔

مذکورہ کوارٹرز گزشتہ پندرہ سال سے ایسے عناصر کے زیرِ قبضہ تھے جنکی اکثریت کا ریلوے سے کوئی تعلق نہ تھا، اور ان سے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر کرایہ اور دیگر واجبات وصول کیے جا رہے تھے۔پریم یونین نے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ ان غیر قانونی قابضین کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہو۔

(جاری ہے)

شیخ محمد انور نے تفصیلات بتاتے ہوئے زور دیا کہ خانیوال ریلوے کالونی سے واگزار کروائے گئے کوارٹرز کو مستحق ریلوے ملازمین میں شفاف طریقے سے الاٹ کیا جائے تاکہ یہ قیمتی اثاثے دوبارہ کسی غیر قانونی قبضے کی نذر نہ ہوں۔پریم یونین نے اس کامیاب کاروائی پر ریلوے انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ صرف املاک کی واگزاری کافی نہیں، بلکہ اس عمل میں ملوث ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :