Live Updates

پاکستان کو عالمی معیشت میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہو گا ،فرخ عامل

منگل 27 مئی 2025 16:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) چیئرمین انٹی لیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان فرخ عامل نے کہا کہ پاکستان کو عالمی معیشت میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہو گا جہاں پر جدت، اختراعی سوچ، کاروباری مہارتوں اور مضبوط انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز کو فروغ دیا جائے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک ٹیکنالوجی میں برق رفتار ترقی کر رہے ہیں اور وہاں علمی معیشت، تخلیقی صلاحیت اور جدت طرازی پر مبنی ہے جو ایک سازگار انٹی لیکچوئل پراپرٹی ماحول میں پروان چڑھتی ہے یہی وجہ ہے کہ آج آئی پی عالمی معیشت کا ایک لازمی اور اہم حصہ بن چکا ہے۔

وہ جامعہ زرعیہ میں اورک کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات اور ٹیکنالوجی تیار کرنے کیلئے تحقیقی فریم ورک میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ علم پر مبنی معیشت کے حصول کیلئے اختراعی سوچ کو پروان چڑھانے اور مسائل کا حل سائنسی بنیادوں پر تلاش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن ایچ ای سی ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ملک مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے لہٰذاحل پر مبنی تحقیق، علمی اور صنعتی ترقی کے لیے ضروری ہے،موسمیاتی تبدیلیاں، پانی کی قلت، زرعی زمین میں کمی اور فی ایکڑ کم پیداوار، فوڈ سکیورٹی کے لیے سنگین خطرات ہیں جن کے حل کے لیے ماہرین کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام جامعات کو ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں تخلیقی سوچ کو فروغ ملے اور تعلیمی و صنعتی روابط مضبوط ہوں۔وی سی جامعہ زرعیہ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہو گا تاکہ وہ ملازمت تلاش کرنے کی بجائے روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں،جامعات کو تحقیق اور علم کے فروغ کے لیے ایسی حکمتِ عملی ترتیب دینی چاہیے جو جدت اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے،زرعی یونیورسٹی تعلیم وتحقیق کے میدان میں دنیا بھر میں عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اس فورم کے ذریعے تمام جامعات کے ریسرچ اور انوویشن سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے تاکہ وہ ملکی تحقیق کو نئے زاویوں سے آراستہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر ڈاکٹر امان اللہ ملک،پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ کے طاہر چوہدری، ایف سی سی آئی کے ڈاکٹر حبیب گابا، ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، ڈاکٹر طاہر ظہور، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عمران ارشد، ڈائریکٹر آئی پی او محمد اسماعیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات