چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

بدھ 28 مئی 2025 17:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا ایک اہم اجلاس بدھ کے روز یہاں منعقد ہوا، جس میں کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنانے، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ ''صارفین کو ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ بجلی فراہم کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے اور ان کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔

'' انہوں نے کہا کہ ''لیسکو کی بہتری کے لیے تمام فنکشنل ہیڈز نے مل کر جامع پالیسیاں تشکیل دی ہیں، اب ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔''انہوں نے لیسکو کو ایک خاندان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے لیسکو کو ماں کا درجہ دیا ہے، ہمیں مل کر اس کی بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ بہتری کی کوئی حد نہیں، مثبت سوچ ہی مثبت اقدامات کو جنم دیتی ہے اور کامیابی کے راستے ہموار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ''ہم سب کو اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ آج ہم اس مقام پر ہیں جہاں صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہمارے اختیار میں ہے۔ ہمیں مل کر بجلی چوری اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہمارے پاس بہترین تربیت یافتہ افسران اور عملہ موجود ہے جو صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

میں خود ہر ایک سے ملاقات کروں گا اور ہر سطح پر رہنمائی کے لیے موجود رہوں گا۔ بجلی چوری اور کرپشن کے خلاف ہماری 'زیرو ٹالرنس پالیسی' ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔''اجلاس میں لیسکو کے تمام عہدیداران نے شرکت کی، جن میں آپریشنز ڈائریکٹر اعجاز احمد بھٹی،کسٹمر سروسز ڈائریکٹر عباس علی، ہیومن ریسورس ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی،ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل،سی ایف او محمد احمد سعید،چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ عمران محمود،چیف انجینئر پی اینڈ ڈی فیصل زکریا,چیف انجینئر ٹی ایس ڈیزائن نثار سرور،چیف انجینئر پی آئی یو انور وٹو،ڈی جی میراڈ محمد حسین، ڈائریکٹر لیگل گوہر ایوب،چیف آئی ٹی آفیسر محمد عثمان علی، منیجر کمپلینٹ سیل نعمان ملہی اور ترجمان لیسکو رابعہ قادر نے شرکت کی۔