غزہ میں نسل کشی پر خاموش نہیں رہیں گے، اٹلی کا اسرائیل کو دو ٹوک پیغام

اپوزیشن جماعتوں نے 7 جون کو روم میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کا اعلان کردیا

جمعرات 29 مئی 2025 16:08

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) اٹلی کے وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کو "ناقابل قبول" قرار دیتے ہوئے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی اب انتہائی خطرناک اور ناقابلِ برداشت صورت اختیار کر چکی ہے۔

تاجانی نے واضح الفاظ میں کہاکہ "غزہ پر بمباری بند ہونی چاہیے، انسانی امداد فوری بحال کی جائے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام لازم ہے۔

(جاری ہے)

"ادھراپوزیشن جماعتوں نے 7 جون کو روم میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کا اعلان کیا ہے، جس میں اسرائیل پر پابندیاں لگانے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔تاجانی نے مزید کہا کہ اٹلی فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہے، لیکن یہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اسرائیل سے بات چیت جاری رکھنے کی حمایت کی، مگر خبردار کیا کہ:"فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کبھی قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔"انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ اٹلی مستقبل میں کسی عرب قیادت میں امن مشن میں شرکت کر سکتا ہے، اگر اس کا فیصلہ عالمی سطح پر ہوتا ہے۔