ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب افراد میں شامل امریکی خاتون بھارت سے گرفتار

جمعرات 21 اگست 2025 16:07

ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب افراد میں شامل امریکی خاتون بھارت سے گرفتار
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)اپنے 6 سالہ بیٹے کو قتل کرنے والی انتہائی مطلوبہ افراد میں سے ایک سینڈی سنگھ کو ایف بی آئی نے بھارت سے گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے 10 انتہائی مطلوب افراد میں سے ایک سینڈی سنگھ کو بھارت سے گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینڈی کو ٹیکساس حکام کے حوالے کرنے کے لیے بھارت سے واپس امریکا منتقل کیا جا رہا ہے۔ سینڈی روڈریگز سنگھ کو اپنے 6 سالہ بیٹے نوئل روڈریگز الواریز کے قتل کے الزام کے بعد ایجنسی کی 10 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔سینڈی سنگھ اپنے بیٹے کے قتل میں ملوث ہونے کے بعد قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے امریکا سے بھارت فرار ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

6 سالہ نوئل روڈریگز الواریز نومبر 2022 سے لاپتہ ہے اور اسے مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔یہ کیس 20 مارچ 2023 کو ٹیکساس پولیس کے علم میں اس وقت آیا جب ٹیکساس کے محکمہ خاندانی اور حفاظتی خدمات نے سینڈی سنگھ کے بیٹے کی فلاح و بہبود کی جانچ کی۔ٹیکساس حکام کے مطابق اس بچے کو صحت اور نشوونما کے متعدد مسائل کا سامنا ہے اور بچے کو اکتوبر 2022 سے نہیں دیکھا گیا تھا۔