امریکا سے 50 ارب ڈالر کے ڈرون حاصل کرنے کے معاہدے کی تجویز پیش کی ہے ، یوکرینی صدرکی تصدیق

جمعرات 21 اگست 2025 17:38

امریکا سے 50 ارب ڈالر کے ڈرون  حاصل کرنے کے معاہدے   کی تجویز  پیش کی ہے ..
کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکا سے 50 ارب ڈالر کے ڈرون حاصل کرنے کے معاہدے کی تجویز پیش کرنے کی تصدیق کی ہے ۔یہ معاہدہ ممکنہ طور پر روس یوکرین جنگ کے خاتمہ کے بعد نافذ العمل ہو گا۔ تاس کے مطابق یوکرینی صدر نے صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہا کہ یوکرین نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران امریکا کو 50 ارب ڈالر کے ڈرون کی تیاری کے معاہدے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر عمل درآمد تنازعہ کے خاتمے کے بعد پانچ سال کے عرصے میں کیا جائے گا۔

یوکرین ناؤ نامی آؤٹ لیٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ ڈرون کے بارے میں جو ڈیل ہم نے تیار کی ہے اور امریکی فریق کو تجویز کی ہے اس میں 50 بلین ڈالر کی پیداوار اور مشترکہ پیداوار شامل ہے یعنی 10 ملین ڈرون سالانہ کے حساب سے پانچ سال تک ڈرون کی فراہمی ، یہ واقعی ایک بہت بڑا پروگرام ہے ۔

(جاری ہے)

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ممکنہ طور پر جنگ کے بعد نافذ العمل ہو گا۔اس سے قبل، فنانشل ٹائمز نے اطلاع دی تھی کہ یوکرینی صدر نے اپنے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو جزوی طور پر استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کی مشترکہ پیداوار کے لیے امریکا کو ایک پروگرام تجویز کیا تھا۔