پی آئی ٹی بی کا ڈینگی مریضوں کی رپورٹنگ سے متعلق نجی ہسپتالوں کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد

جمعرات 29 مئی 2025 17:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے لاہور میں نجی ہسپتالوں کیلئے ڈینگی مریضوں کی رپورٹنگ سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا،جس کا مقصد ہسپتالوں کو بر وقت اور درست ڈیٹا رپورٹنگ کیلئے ٹریننگ فراہم کرنا تھا تاکہ صوبے بھر میں ڈینگی کی موثر نگرانی اور بروقت ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹریننگ کے دوران پی آئی ٹی بی کی ٹیکنیکل ٹیم نے ڈینگی رپورٹنگ ماڈیول کا تفصیلی ڈیمو دیا،جس میں درست ڈیٹا انٹری، ریئل ٹائم اپڈیٹس اور موثر کیس مینجمنٹ پر زور دیا گیا۔مزید یہ کہ شرکا کو سسٹم کا عملی تجربہ بھی حاصل ہوا جس سے رپورٹنگ کے عمل کو محکمہ صحت کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق موثر انداز میں انجام دیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ٹریننگ کا اختتام سوالات و جوابات کے انٹرایکٹو سیشن پر ہوا جس میں پی آئی ٹی بی پروگرام آفیسر منیب احمد نے درپیش چیلنجز کے حل پیش کئے اور سسٹم کے فیچرز بارے تفصیلات فراہم کیں۔

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ڈینگی جیسے امراض کی روک تھام میں بروقت اور درست رپورٹنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی ٹی بی نجی ہسپتالوں کو ڈیجیٹل ٹولز اور تربیت فراہم کر کے ایک مربوط اور شفاف نظام قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ صحت عامہ کے شعبے کو مزید مستحکم اور موثر بنایا جا سکے۔