کراچی، پولیس مقابلے کے بعد 4ملزمان گرفتار، مغوی بازیاب

ملزمان میں اشعر، کامران، عرفان اور دانیال نامی افراد شامل ہیں،پولیس حکام

جمعرات 29 مئی 2025 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)کراچی میں سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 4 اغوا کاروں کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کرا لیا۔سخی حسن چورنگی پر شاہراہِ نور جہاں پولیس کا شارٹ ٹرم کِڈنیپنگ میں ملوث اغوا کاروں سے مقابلہ ہوا، پولیس کو شہری نے اطلاع دی تھی کہ کچھ ملزمان اس کے بھائی کو اغوا کر کے لے گئے ہیں اور رہائی کے لیے تاوان مانگ رہے ہیں، اغوا کاروں نے تاوان وصولی کے لیے مغوی کے بھائی کو سخی حسن بلایا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس سادہ لباس اہلکاروں کے ہمراہ سخی حسن چورنگی پر اغواکاروں کا انتظار کرنے لگی، اغواکاروں کے پہنچنے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔پولیس نے ملزمان کا تعاقب شروع کیا اور کے ڈی اے چورنگی پل پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزم سمیت 2 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے جنہیں بعد ازاں تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ملزمان میں اشعر، کامران، عرفان اور دانیال نامی افراد شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مغوی شکیل کو آزاد کرا لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے 2 پستول، موبائل فون اور کار بھی برآمد کی گئی ہے۔