تعلیم کے فروغ کے لئے جدوجہد جاری ہے ،تعلیم یافتہ نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن ہیں،صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 29 مئی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ تعلیم سے ہی انسانی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جدید سائنسی علوم انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے زندگی میں مختلف قسم کی تبدیلیاں رونما ہورہی ہے،تعلیم یافتہ نوجوانوں سے ہمارے معاشرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے اور یہ ہمارے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔

انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا اور ان کی رہنمائی کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ترقی یافتہ و خوشحال معاشرے کی بنیاد انہی باصلاحیت افراد پر قائم ہوتی ہے۔صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر طلبہ و طالبات کے تعلیمی حقوق کے تحفظ، انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی اور جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم کے فروغ کے لیے میری جدوجہد جاری ہے اور میں پُرعزم ہوں کہ بلوچستان خصوصاً خاران کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں اسکالرشپ دلوانے کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ خاران کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کا دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر نا ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ نوجوان مستقبل میں مختلف فورم سےملک وقوم کا نام روشن کریں گے،انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی کامیابی ہی بلوچستان کی ترقی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے جس سے علاقہ کے نوجوانوں میں تعلیم حاصل کرنے کا مزید شوق پیداہو گا۔