جعلی دستاویز پر اٹلی جانے کی کوشش کرنیوالے ایک ہی خاندان کی7مسافر زیرحراست، ایجنٹ بھی گرفتار

مسافروں کے قبضے سے اٹلی کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز اور ترکیہ کے جعلی ویزے برآمد ہوئے ہیں ، ایف آئی اے حکام

جمعہ 30 مئی 2025 03:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)ایف آئی اے امیگریشن نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرجعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے 7مسافروں کو آف لوڈ کرکے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا ایئرپورٹ کے احاطے سے ہی ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر آذربائیجان جانیوالی پرواز نمبر J2144کی بریفنگ جاری تھی کہ خیبرپختونخوا اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 6مسافر اپنے سہولت کار محمد ہارون کے ہمراہ کلیئرنس کیلئے ایف آئی اے امیگریشن کائونٹر پر پہنچنے۔

کائونٹر پر تعینات عملے نے ان کی سفری دستاویزات کو مشکوک جان کر تفصیل سے چیک کیا تو سفری دستاویزات جعلی پائی گیں جس پر محمد ہارون سمیت تمام مسافروں جن میں محمد شیر، سلمان خان، محمد حارث خان، ولی اللہ، احتشام شرافت اور ثمین اللہ شامل ہیں کو آف لوڈ کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ابتداہی پوچھ گچھ کے دوران بھی مسافر باکو کی جانب سفر کرنے کے متعلق کچھ بتانے سے قاصر رہے۔

حکام کے مطابق تمام مسافر آپس میں رشتہ دار ہیں اور انھیں جعلی ریذیڈنٹ کارڈ بناکر دینے میں شاکر اللہ ایجنٹ ملوث ہے جو خود بھی ائیرپورٹ کے احاطے میں موجود ہے جس پر ایف آئی اے ٹیم نے کنکورس ہال میں چھاپہ مارکر ایجنٹ شاکر اللہ کوبھی گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق تلاشی کے دوران مسافروں کے قبضے سے اٹلی کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز اور ترکیہ کے جعلی ویزے بھی برآمد ہوئے۔محمد ہارون نامی سہولت کار نے آذربائیجان اور ترکیہ کیلئے ویزوں کا بندوبست کیا مسافروں نے آذربائیجان سے مذکورہ دستاویزات کی بنیاد پر یورپ جانے کی کوشش کرنا تھی جن کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔