داعش نے شام کی نئی سرکاری فوج کے خلاف پہلے حملے کی ذمے داری قبول کر لی

جمعہ 30 مئی 2025 13:24

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) داعش نے شامی حکومت کی نئی فوج کے خلاف حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔العربیہ کے مطابق یہ حملہ شامی صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے تقریبا چھ ماہ بعد کیا گیا ہے، یہ بات دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ "سائٹ" نے بتائی۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ کے مطابق داعش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خلافت کے سپاہیوں نے پہلے سے نصب کی گئی ایک بارودی سرنگ کو شامی حکومت کی ایک گاڑی کے نیچے دھماکے سے اُڑا دیا۔

یہ واقعہ جنوبی شام کے صوبے سویدامیں پیش آیا۔ سائٹ کے مطابق یہ نئی شامی حکومت کی افواج کے خلاف پہلا حملہ ہے جس کی ذمے داری داعش نے قبول کی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بدھ کوجب شامی فوج کے 70 ویں بریگیڈ کا ایک گشتی دستہ گزر رہا تھا، تو دور سے دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین فوجی زخمی ہو گئے۔