Live Updates

ترشاوہ پھلوں کے باغبان ایسے علاقوں میں نئے باغات لگائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو،ماہرین اثمار

جمعہ 30 مئی 2025 13:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنےکہا ہے کہ ترشاوہ پھلوں کے باغبان ایسے علاقوں میں نئے باغات لگائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی خاطرخواہ نشو ونما میں پانی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ پودوں میں خوراک جڑوں سے پتوں اور دیگر حصوں تک پانی کے ذریعے ہی رسائی پاتی ہے جبکہ پانی پودوں میں ضیائی تالیف کالازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیر سے پودوں کوبرے اثرات سے محفوظ رکھتاہے اس لئے نئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو تاہم ترشاوہ باغات کی کاشت کیلئے پانی کی مقدار اور وقفہ موسمی حالات، کاشتی امور، زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اور عمر کے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر بھی منحصر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترشاوہ پھلوں کے باغات کارقبہ 5لاکھ ایکڑ سے زائد اور اوسط پیداوار 4.5 ٹن فی ایکڑ تک ہے لیکن اس میں بھرپور اضافہ کی گنجائش موجود ہے لہٰذا باغبان ترشاوہ باغات کی پیداوار میں اضافہ کے لئے مؤثر نظام آبپاشی سے استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایاکہ موسم گرما کے دوران جون سے اگست تک پھلدار پودوں کو 10 سے15دن کے وقفہ سے پانی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات