پولٹری فارمرز مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کےلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں،ڈاکٹر افضل

جمعہ 30 مئی 2025 13:30

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) پولٹری فارمرز مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کےلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں،ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتی و کسان بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر افضل نے جمعہ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پولٹری فارمرز کو ہدایت کی کہ وہ شیڈزکی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال ممکن بنائیں تاکہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ڈاکٹر افضل نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمرز خصوصا مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75سے80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مر جائے تو اسے گہرا گڑھا کھود کر زمین میں دبا دیں اور فارم کے ارد گرد چونا بھی چھڑکیں تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو سکے۔

انہوں نے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسی نیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتی و کسان بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ پیداوار میں اضافہ کرکے مالی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بھیڑ، بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھیں ، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائیں ،اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائیں۔

اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرز صبح9تا شام5بجے تک مذکورہ ہیلپ لائن9211 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات کےلئے محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف سے بھی مشاورت و راہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :