انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے طلبا کے پراجیکٹس کی نمائش

جمعہ 30 مئی 2025 15:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ میں فائنل ایئر پروجیکٹس کی سالانہ نمائش 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں فائنل ایئر طلبا کے 37 پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے گئے تھے۔ یہ پراجیکٹس میں توانائی، مینوفیکچرنگ، خودکار نظام اور ماحولیاتی تحفظ جیسے موضوعات پر مشتمل تھے ۔

نمائش کا افتتاح وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے کیا۔ اس موقع پر شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ، ڈینز ،فیکلٹی ممبران، صنعتی اداروں کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں طلبا طالبات موجود تھے۔وائس چانسلر نے بعد ازاں پراجیکٹس کا دورہ کرتے ہوئے پراجیکٹس ٹیم کے طلباء سے انکے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

(جاری ہے)

نمائش کے انعقاد کیلئے چئیرمین ڈاکٹر حمید اللہ کی زیر نگرانی میں ASHRAE سٹوڈنٹس سوسائٹی اور فائنل ایئر پروجیکٹ کمیٹی نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ نمائش کو بلڈنگ انرجی ریسرچ سینٹر اور سنٹر فار انٹیلی جنٹ سسٹم نیٹ ورک یو ای ٹی پشاور نے سپانسر کیاتھا ۔وائس چانسلر ڈاکٹر صادق خٹک نے اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں میں جدت اور عملی اطلاق کی بھرپور صلاحیت موجود ہے جنہیں مارکیٹ میں متعارف کرا کے معاشرے اور صنعت کے لیے فائدہ مند بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومت کے مابین موثر اشتراک کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان منصوبوں کو تجارتی شکل دی جا سکے۔پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ نے کہا کہ یہ نمائش گزشتہ ستائیس سالوں سے مسلسل منعقد کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد طلبہ وطالبات کو اپنے تحقیقی کام کو عوام اور صنعت کے سامنے پیش کرنے کا موقع دینا ہے۔ انہوں نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر شوکت علی شاہ (کنوینر فائنل ایئر پروجیکٹ نمائش)، ڈاکٹر محمد عالم زیب خان ،صدر ASHRAE محمد طیب اورسینئر نائب صدر محمد حاشر اور دیگر منتظمین کی خدمات کو سراہا۔

نمائش میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے منصوبوں انعامات سے بھی نوازا گیا۔آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر صادق خٹک اور پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ نے کامیاب طلبہ، ججز، سوسائٹی ممبران اور منتظمین کو شیلڈز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :