فنی تعلیم اور صلاحیت کے فروغ میں نیوٹک کا کردار ملک کی معاشی آسودگی میں مثالی نتائج فراہم کرے گا، فیصل کریم کنڈی

جمعہ 30 مئی 2025 17:15

فنی تعلیم اور صلاحیت کے فروغ میں نیوٹک کا کردار ملک کی معاشی آسودگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فنی تعلیم اور صلاحیت کے فروغ میں نیوٹک کا کردار ملک کی معاشی آسودگی میں مثالی نتائج فراہم کرے گا، نوجوانوں میں خود مختاری میں نیوٹک کے پروگرامز بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں صوبہ میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور اس حوالہ سے نیوٹک کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے شہداء کے بچوں کے لئے خیبرپختونخوا پولیس کے مایہ ناز شہید آئی جی صفوت غیور شہید سے منسوب فنی تعلیم کے مراکز میں خصوصی کوٹہ مختص کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے وطن کی حفاظت و سالمیت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے ساتھ لگائو کے اظہار میں ایک مثالی کاوش قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں برطانوی یونیورسٹیوں میں خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لئے خصوصی سکالرز شپ کے حوالہ سے بھی مشاورت کی گئی ۔ چیئرپرسن نیوٹک نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کی نیوٹک سے رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ بھی گورنر کو پیش کیا جس پر گورنر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اسے گومل یونیورسٹی اور خطہ کے طلبہ کے لئے نیک شگون قرار دیا۔