کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کا نواز شریف فلائی اوور اڈیالہ روڈ منصوبے کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

جمعہ 30 مئی 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے نواز شریف فلائی اوور اڈیالہ روڈ کے منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق، ایس ای ہائی وے و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود انجینئرز سے منصوبے کی موجودہ پیش رفت کے بارے میں بریفنگ لی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک مسائل سے جلد نجات مل سکے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فلائی اوور کی پراگریس 98فیصد ہے اور03 جون تک اسے ہر طرح سے مکمل کر کے اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ اڈیالہ روڈ فلائی اوور کا منصوبہ عوامی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی بروقت تکمیل سے راولپنڈی کی ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کے ہر مرحلے میں شفافیت، معیار اور سیفٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوامی سہولت کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے موقع پر موجود ٹھیکیدار اور ورک فورس سے بھی ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کمشنر راولپنڈی نے زور دیا کہ مزدوروں کی حفاظت اور سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی منصوبوں کی نگرانی خود کر رہی ہے اور کسی قسم کی تاخیر یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔