حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے ریجنل پیس کمیٹی قائم، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم اقدام

ہفتہ 31 مئی 2025 18:20

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے ریجنل پیس کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔محکمہ داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی فوری طور پر مؤثر ہوگی اور تاحکم ثانی اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔کمیٹی میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیات شامل ہیں، جن میں شیخ ناصر زمانی، مولانا سرور شاہ، محمد موسیٰ،ایمان شاہ،عبدالشکور، سلطان محمد مغل، مولانا غفران، اسسٹنٹ پروفیسر عامر بیگ، جواد حافظی، سید شمس الدین اور محمد علی جوہر شامل ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی کو جو  ذمہ داریاں دیں گئی ہیں ان میں محرم الحرام، عیدین اور دیگر مذہبی مواقع کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے انتظامیہ سے قریبی رابطہ اور تعاون،فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے لیے اقدامات تجویز کرنا،ننفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیز پیغامات اور متنازعہ نعروں کی روک تھام کے لیے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں معاونت،حکومت کو بہتر پالیسی سازی کے لیے تجاویز پیش کرنا،علماء کرام، علاقائی عمائدین اور انتظامیہ کے مابین ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ قانون و امن کے مسئلے کو بروقت حل کرنے کی کوشش کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن میں مذید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ محکمہ داخلہ اس کمیٹی کی سفارشات اور تعاون سے امن و استحکام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔\378

متعلقہ عنوان :