ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس

ہفتہ 31 مئی 2025 19:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ اسکواڈ کوفیلڈ میں لانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اوور چارجنگ و گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے پر بس و ویگن کو بند کردیا جائے۔

انہوں نے سیکرٹری آرٹی اے کو شکایات کاؤنٹرز فنکشنل رکھنے اور اڈوں پر ٹھنڈے پانی کی وافر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ ٹک شاپس پر غیر معیاری اور مہنگی اشیاء بیچنے پر مالک کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، مسافر بسوں میں جانور لوڈ نہیں ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ کرائے نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں، اڈوں میں پینا فلیکسز پر بھی کرایہ نامہ درج ہو اور مسافروں کو ٹکٹ لازمی دی جائے، ایل پی جی والی گاڑیوں کا اڈوں میں داخلہ بند کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ بزرگوں کیلئے کرایوں میں خصوصی رعایت دی جائے، واش روم اورویٹنگ ایریاز میں خصوصی صفائی کا انتظام ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ عید الاضحی پر پبلک ٹرانسپورٹ میں مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنانے کیلئے متحرک ہے۔