پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف نو مئی مقدمات کی سماعت ملتوی

ہفتہ 31 مئی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) لاہورکی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی ، اعجاز چوہدری ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت جج کی رخصت کے باعث ملتوی کردی۔ ہفتہ کے روز لاہور کی سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں جناح ہائوس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات کی جیل ٹرائل کی سماعت ہونا تھی تاہم انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل کی رخصت کے باعث کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انسداد دہشتگردی کی عدالت میں9 مئی کے مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔ جج منظر علی گل کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی 3 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔مزید برآں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں ہونے والی ایک اور جیل ٹرائل میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کلمہ چوک جلا ئوگھیرائو کیس میں مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کیے۔ علاوہ ازیں نو مئی کے دیگر تین مقدمات میں بھی ایک ایک گواہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 3 جون تک ملتوی کر دی۔