سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا عیدالاضحیٰ کے پیش نظر شہر اور گردونواح میں قائم مویشی منڈیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری

اتوار 1 جون 2025 15:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر شہر اور گردونواح میں قائم مویشی منڈیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لیے 74 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکاران تعینات کیے گئے ہیں جن میں سرکل افسران، سیکٹر انچارجز، وارڈنز اور ٹریفک سسٹنٹس شامل ہیں۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں قائم بھاٹہ چوک، موضع رنیال چکری روڈ، گلیانہ روڈ گوجر خان، ٹنگی روڈ کہوٹہ، منگال بائی پاس کلر سیداں، HIT اتوار بازار ٹیکسلا اور شریف ہسپتال سٹاپ جی ٹی روڈ واہ کینٹ سمیت تمام مویشی منڈیوں کے اطراف میں خصوصی ٹریفک ڈیوٹی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو غیر ضروری رش اور غلط پارکنگ سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی بینش فاطمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیاں صرف مختص پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں، مویشیوں کی خریدوفروخت سڑکوں پر نہ کریں اور ٹریفک عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 051-9274843 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور ایک محفوظ ٹریفک ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔