لاہور ، مال روڈ پر زیر زمین کیبلنگ منصوے کا آغاز

اسٹیٹ بینک سے ہال روڈ سگنل تک بجلی کی اوور ہیڈ تاروں کو ہٹا کر زیر زمین دفن کیا جائیگا

اتوار 1 جون 2025 16:25

لاہور ، مال روڈ پر زیر زمین کیبلنگ منصوے کا آغاز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے مال روڈ ، لاہورکی خوبصورتی اور فعالیت کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسٹیٹ بینک سے ہال روڈ سگنل تک بجلی کی اوور ہیڈ تاروں کو ہٹا کر زیر زمین دفن کیا جائے گا۔ اندرون شہر لاہور سے باہر پہلی بار تاروں کو زیر زمین منتقل کرنے کا یہ پہلا منصوبہ ہے جس سے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

شاہی گزرگاہ ، دہلی دروازہ اور بھاٹی دروازہ جیسے علاقوں میں پہلے سے جاری منصوبوں کی کامیابی کی بنیاد پر، جہاں اوور ہیڈ تاروں کو منظم طریقے سے زیر زمین منتقل کیا جا رہا ہے۔ مال روڈ لاہور کا یہ نیا منصوبہ ، والڈ سٹی اتھارٹی کے لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو ساتھ ہی ساتھ شہر کے خدوخال کو جدید بنانیکی کوششوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ڈاکٹر آصف طفیل کے وژن کے مطابق اوور ہیڈ کیبلز کو ہٹا کر زیر زمین دفن کرنا نہ صرف اس تاریخی شاہراہ کی خوبصورتی کو بڑھائے گا بلکہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کو محفوظ اور قابل اعتماد بنانے میں بھی مدد دے گا۔یہ منصوبہ مال روڈ کی مجموعی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائے گا، جس سے سیاحت، کاروبار اور رہائشیوں کی روزمرہ زندگی مزید آسان اور خوشگوار ہوگی۔

مزید یہ کہ، اوور ہیڈ کیبلز کے خاتمے سے حادثات کے خطرے میں کمی آئے گی اور لاہور کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی میں اضافہ ہوگا۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے شہریوں، کاروباری اداروں اور سیاحوں کو دعوت دی گئی کہ وہ مال روڈ کی اس تبدیلی کے عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور اس ترقی پسند اقدام کا حصہ بنیں۔