بنیادی طور پر ایک استاد ہوں،زمانہ طالب علمی سے ہی خدمت خلق کے جذبے کے تحت مفت ٹیوشن سینٹر چلاتا رہا، اسد قیصر

پیر 2 جون 2025 22:57

بنیادی طور پر ایک استاد ہوں،زمانہ طالب علمی سے ہی خدمت خلق کے جذبے کے ..
صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)رہنماء پی ٹی آئی و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بنیادی طور پر ایک استاد ہوں،زمانہ طالب علمی سے ہی خدمت خلق کے جذبے کے تحت مفت ٹیوشن سینٹر چلاتا رہا، زمانہ طالب علمی میں ہی انسان خواہشات، جذبات اور احساسات کی سمت متعین کرتا ہے ،کامیابی ہمیشہ اپنی خواہشات پر قابو پانا سیکھنے والے کا ہی مقدر بنتی ہے۔

قائداعظم کوچنگ اکیڈمی شاہ منصور میں ایم ڈی کیٹ کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر ایک استاد ہیں، اور زمانہ طالبِ علمی سے ہی خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت مفت ٹیوشن سینٹر چلاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود وہ گرمیوں کی چھٹیوں میں خود ٹاٹ سیدھی کرتے، کلاسز کا انتظام سنبھالتے اور ایسے اساتذہ کے ساتھ کام کرتے جو خود بھی طلبہ تھے، مگر خدمتِ خلق کے جذبے سے پڑھاتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1990ء کی دہائی میں انہوں نے "قائداعظم ایجوکیشن سسٹم" کی بنیاد رکھی، جس پر والدین اور عوام نے بھرپور اعتماد کیا، اور اسکول میں طلبہ کے داخلے کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ایس سی کے بعد کا وقت انتہائی اہم اور فیصلہ کن ہوتا ہے۔ یہی وقت انسان کی خواہشات، جذبات اور احساسات کی سمت متعین کرتا ہے کہ وہ آئندہ زندگی میں کیا بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو فرد اپنی خواہشات پر قابو پانا سیکھ لیتا ہے، کامیابی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ چند مہینے آپ کے کیریئر کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ نے اس وقت کو نظم و ضبط، ٹائم ٹیبل اور بھرپور جذبے کے ساتھ گزارا تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ باقی کھیل کود اور تفریح کے لیے زندگی میں بہت وقت ہے، لیکن اس مرحلے کی اہمیت کو ہرگز نظرانداز نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت قربانی کا ہے، نہ کہ سستی یا بہانوں کا۔ گرمی ہو یا لوڈشیڈنگ، ان رکاوٹوں کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔ جب انسان سچے جذبے کے ساتھ محنت کرتا ہے تو کامیابی اس کے قدم چومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی زندگی میں کوئی خواہش کی، اور اس کیلئے سخت محنت کی، اللہ تعالی نے مجھے ضرور کامیابی عطا کی۔انہوں نے کہا کہ آج سے پندرہ سال قبل کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں الیکشن جیت جائوں گا، مگر لگن، محنت اور استقامت نے مجھے پہلے صوبائی اسمبلی کا اسپیکر اور پھر قومی اسمبلی کا اسپیکر بننے کا اعزاز عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں صوابی کی تاریخ کا پہلا فرد ہوں جس نے دو مرتبہ بیک وقت قومی اور صوبائی اسمبلی، دونوں میں کامیابی حاصل کی۔